پیپلز اسکائی ویومنصوبے میں تاخیر کی وجوہات سے متعلق رپورٹ طلب
زین العابدین انصاری کا سرجانی ٹاؤن میں زیرِ تعمیر منصوبے کا دورہ، کام میں سست روی پر تشویش، رفتار بہتر بنانے کی ہدایتحکومت کے تعاون سے منصوبہ جلد مکمل کرکے شہریوں کو معیاری اور کم لاگت رہائشی سہولت فراہم کرنا ترجیح،ڈی جی کے ڈی اے
کراچی (این این آئی)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے تعاون سے پیپلز اسکائی ویو منصوبے کو جلد مکمل کرکے شہریوں کو معیاری اور کم لاگت رہائشی سہولت فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے ۔ منصوبے کی تکمیل سے سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 7-B میں شہریوں کو اپنی استطاعت کے مطابق رہائش حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔وہ سرجانی ٹاؤن شپ میں زیرِ تعمیر پیپلز اسکائی ویو منصوبے کے تفصیلی دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے سائٹ آفس اور اس سے متصل نمونہ فلیٹ کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی رفتار، معیار اور استعمال ہونے والے مٹیریل کا جائزہ لیا۔زین العابدین انصاری نے کہا کہ منصوبے کی تعمیر کے ڈی اے کی نگرانی میں جاری ہے ، جس میں ادارے کے ماہر انجینئرز اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ معیاری اور مناسب قیمت پر رہائش کی فراہمی شہریوں کی اہم ضرورت ہے ، خصوصاً ان خاندانوں کے لیے جو اپنی مالی استطاعت کے مطابق گھر حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
دورے کے دوران ڈی جی کے ڈی اے نے تعمیراتی کاموں میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو رفتار بہتر بنانے اور نشاندہی کیے گئے امور پر فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ نمونہ فلیٹ کے معائنے کے دوران بھی بعض ضروری امور کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی بروقت اصلاح کے احکامات جاری کیے گئے تاکہ تعمیراتی معیار اور رہائشی سہولتوں کو بہتر بنایا جاسکے ۔انہوں نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو ایک ہفتے کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، جس میں منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات، استعمال ہونے والے تعمیراتی مٹیریل، اس کی قیمتوں اور دیگر متعلقہ امور کی مکمل تفصیلات شامل ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کی روشنی میں مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ منصوبہ جلد مکمل کرکے شہریوں کے لیے قابلِ استعمال بنایا جاسکے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹیٹ انفورسمنٹ سید زین شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments