بجلی چوروں ، نادہندگان کیخلاف آپریشن، 9 افراد پکڑے گئے
ملتان اور رحیم یار خان میں کارروائیاں، چھ نادہندگان کے کنکشن منقطع
ملتان ،رحیم یار خان(خصوصی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ ملتان اور رحیم یار خان سرکلوں میں کارروائیوں کے دوران بجلی چوری میں ملوث افراد کے میٹرز اور تار اتار لئے ، جبکہ مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں بھی متعلقہ پولیس کو ارسال کر دی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل ساجد حسین گوندل کی نگرانی میں ایکسین کینٹ ڈویژن بابر علی گجر اور ایس ڈی او حسن پروانہ سب ڈویژن امیر نواز کی سربراہی میں ایڈیشنل ایس ڈی او راحیل یوسف نے ٹیم کے ہمراہ جلیل آباد میں کارروائی کی۔ اس دوران حفیظ الدین اور ظفر اقبال کے بجلی میٹرز کی باڈیز ٹمپرڈ پائی گئیں اور مبینہ طور پر بھاری لوڈ استعمال کیا جا رہا تھا۔
ٹیم نے دونوں میٹرز اتار کر قبضے میں لے لئے اور مزید جانچ کے لئے ایم اینڈ ٹی لیبارٹری بھجوا دیئے ۔ایس ڈی او شجاع آباد سب ڈویژن محمد علی طاہر کی سربراہی میں سرویلنس ٹیم نے چاہ بھاگسر والا میں غلام عباس کے گھریلو میٹر کی جانچ کی تو لوڈ کے تار اتار کر ڈائریکٹ بجلی استعمال کرنے کا انکشاف ہوا۔ ٹیم نے میٹر اور تار اتارلئے ۔ متعلقہ حکام کی جانب سے بجلی چوری کے مقدمات بھی درج کروا دیئے گئے ۔دوسری جانب سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن رحیم یار خان سرکل عبدالحفیظ بھٹی اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ جناح سب ڈویژن کے مختلف علاقوں بستی یار محمد برڑہ، بستی گھیل پور اور مدغاماں پل میں کارروائی کے دوران نو افراد مبینہ طور پر ڈائریکٹ کنڈیاں لگا کر بجلی چوری کرتے پکڑے گئے ۔ بجلی چوری میں استعمال ہونے والے تار اور میٹرز اتار لئے گئے ۔آپریشن کے دوران سخی سرور کالونی، ابوظہبی روڈ اور بستی گھیل پور میں واجبات کی عدم ادائیگی پر چھ نادہندگان کے کنکشن منقطع کرکے میٹرز بھی اتار لئے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments