میپکو افسروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے اے آئی تربیت
ریجنل ٹریننگ سنٹر میں سیشن، دفتری امور، ڈیٹا تجزیے کے استعمال پر لیکچر
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے ریجنل ٹریننگ سنٹر میں افسروں کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے اور دفتری امور میں جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر تربیتی سیشن منعقد کیا گیا۔سیشن کے دوران لیکچرر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی بی اے اینڈ ای اویس خلیل نے ‘‘میپکو افسروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں بہتری، ڈیٹا کے تجزیے اور مؤثر فیصلہ سازی میں معاونت’’ کے موضوع پر لیکچر دیا۔ انہوں نے جنریٹو اے آئی کے بنیادی تصورات، عملی استعمال اور دفتری امور میں افادیت سے آگاہ کیا۔اویس خلیل نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے دفتری کاموں کی انجام دہی، معلومات اور ڈیٹا کا تجزیہ، اہم امور کی درجہ بندی، مسائل کی نشاندہی اور فیصلہ سازی کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے ۔
اے آئی ٹولز کے استعمال سے وقت کی بچت، کام کی رفتار میں اضافہ اور دستیاب معلومات کی بنیاد پر بہتر نتائج حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ افسران کو روزمرہ دفتری ذمہ داریوں میں ان ٹولز کے استعمال کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی گئی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن وقاص مسعود امجد چغتائی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ میپکو کے دفتری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، کام کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور امور کی تیز رفتار انجام دہی کے لئے اے آئی سے استفادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔ ایسے تربیتی سیشن افسروں کو جدید ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کے قابل بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ڈائریکٹر ٹریننگ و امتحانات سہیل عباس اور پرنسپل ریجنل ٹریننگ سنٹر وجاہت بُچہ نے افسروں پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت کے دستیاب ٹولز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنائیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments