نارووال، لاہور سیکشن پر ٹرینوں کی کوچز میں اضافے کا مطالبہ
چاروں ٹرینوں میں اعلان کے مطابق دس، دس کوچز بحال کی جائیں: مسافر
نارنگ منڈی (نمائندہ دنیا) نارنگ، نارووال، لاہور سیکشن پر چلنے والی مسافر ٹرینوں کی کوچز میں اضافے کا مطالبہ سامنے آگیا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اگست 2025ء میں سیالکوٹ ایکسپریس، لاثانی ایکسپریس، فیض پسنجر اور نارووال پسنجر میں دس، دس کوچز فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم کچھ عرصے بعد نئی کوچز کی جگہ دوبارہ پرانی بوگیاں لگائی جانے لگیں۔اس کے باعث بعض ٹرینیں سات یا آٹھ، جبکہ بعض اوقات صرف چار سے چھ کوچز کے ساتھ چلائی جارہی ہیں۔ لاہور، نارووال اور سیالکوٹ سیکشن پر پہلے ہی ٹرینوں کی رفتار کم ہے اور مختلف مقامات پر کاشن نافذ ہیں، جبکہ سردیوں، سموگ اور دھند کے موسم میں مسافروں کی تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر حادثات، ڈکیتیوں اور مہنگے سفری کرایوں کے باعث شہری ریلوے کو محفوظ اور سستا ذریعہ سفر سمجھتے ہیں، لیکن کوچز کی کمی کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مسافروں نے نارووال پسنجر کی تاخیر کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ لاہور سے صبح 8 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہونے والی ٹرین اکثر ساڑھے 10 یا 11 بجے روانہ ہوتی ہے ۔ اس کی بڑی وجہ ٹرین کے لیے علیحدہ ریک کی عدم دستیابی اور ایک ہی ریک کو مختلف ٹرینوں کے لیے استعمال کرنا ہے ۔اس صورتحال کے باعث روزانہ سفر کرنے والے ملازمین، مزدوروں اور طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے ۔ مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ چاروں ٹرینوں میں اعلان کے مطابق دس، دس کوچز بحال کی جائیں اور مسافروں کی ضرورت کے مطابق مزید بوگیاں فراہم کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments