وہاڑی میں بھی جماعت اسلامی کی بلدیاتی ایکٹ کیخلاف ریلی
وہاڑی(خبرنگار ،نمائندہ خصوصی)جماعتِ اسلامی نے پنجاب کے مجوزہ بلدیاتی کالے قانون اور مہنگے جرمانوں کے خلاف میونسپل کمیٹی سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت امیر جماعتِ اسلامی طارق محمود اورضلعی صدر جے آئی یوتھ علی وقاص نے کی۔
ریلی میں شریک کارکنان نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ نئے بلدیاتی ایکٹ کے ذریعے عوامی نمائندوں کو بے اختیار اور بیوروکریسی کو غیر معمولی طاقت فراہم کی جا رہی ہے جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ ہاتھ باندھ کر لاچار بلدیاتی نظام عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے اور اگر حکومت حقیقی معنوں میں بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے تو اختیارات بھی منتخب نمائندوں کو منتقل کیے جائیں۔ طارق محمود نے بھاری جرمانوں کو معاشی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں، ایسے میں بغیر اطلاع اور بلاجواز جرمانے ان کی کمر توڑ رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کالے قانون کی ترامیم فوری واپس لے کر بلدیاتی اداروں کو حقیقی طور پر بااختیار بنایا جائے اور جرمانوں کے نام پر عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔