بلدیاتی ایکٹ عوامی نمائندگی کمزور کرنے کی سازش ،عمر دراز

بلدیاتی ایکٹ عوامی نمائندگی کمزور کرنے کی سازش ،عمر دراز

ووٹ کو عزت دینے والے بلدیاتی نمائندوں سے خوفزدہ ، مظاہرے سے خطاب

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرگڑھ راناعمردرازفاروقی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا بلدیاتی ایکٹ 2025عوامی نمائندگی کو کمزور کرنے کی سازش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا عمر دراز فاروقی کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دینے اور جمہوریت کی چیمپئن بننے والی ان جماعتوں کا حال یہ ہے کہ یہ بلدیاتی نمائندوں سے خوفزدہ ہیں، تمام بلدیاتی اختیارات پر قبضہ کر لیتے ہیں، پنجاب حکومت نے تو حد کر دی، انہیں ایک یوسی کا چیئر مین بھی براہ راست عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونا گوارا نہیں،بڑے شہروں میں میڑوپولیٹن کارپوریشن ختم کرکے ٹائون کونسل کا درجہ دیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پورے پنجاب میں بلدیاتی کالے قانون کے خلاف تحریک شروع کر رہے ہیں۔رانا شمشاد احمد نائب امیر ضلع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ 2025 ایک غیر جمہوری اور بلدیاتی نظام کو بے اختیار کرنے کا کالا قانون ہے جسے مُسترد کرکے بااختیار بلدیاتی و شہری حکومت کے نظام کو بحال کیا جائے ۔پروفیسر افتخار احمد ہاشمی امیر شہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس متنازع قانون میں فوری طور پنجاب حکومت ضروری ترامیم کرے ۔احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت، مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر پنجاب بلدیاتی قانون کے خلاف نعرے درج تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں