عوامی ریلیف کی نئی راہیں ہموار ہو رہی ہیں، احمد یار ہنجراء
حکومتی اقدامات سے معاشی و انتظامی بہتری کے آثار نمایاں ،سابق صوبائی وزیر
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک احمد یار ہنجراء نے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب کی موجودہ حکومت ملک کو معاشی، انتظامی اور سماجی مشکلات سے نکالنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں عوامی ریلیف پر مبنی ہیں اور مہنگائی میں کمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور ترقیاتی منصوبوں کی بحالی کے ذریعے لوگوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں شفاف طرز حکمرانی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کروائی گئیں جن کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ صوبے میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صحت کی سہولیات میں بہتری، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور کسان دوست پالیسیوں پر تیزی سے عمل ہو رہا ہے ۔ملک احمد یار ہنجراء نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے اور آج بھی جماعت کا مقصد صرف عوام کو ریلیف دینا ہے ۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ آنے والے مہینوں میں حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج واضح ہوں گے اور پاکستان ایک بار پھر معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم ملک بن کر ابھرے گا۔