بدھلہ و لوٹھڑ روڈ تعمیر سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

بدھلہ و لوٹھڑ روڈ تعمیر سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

ناقص میٹریل، ایرانی تارکول کااستعمال ،مبینہ کرپشن پرکارروائی کا مطالبہ

ٹاٹے پور (نامہ نگار) ٹاٹے پور تا بدھلہ و لوٹھڑ روڈ کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے اور سڑک پایۂ تکمیل سے پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا شروع ہوگئی ہے ۔ مقامی سیاسی و سماجی رہنماؤں کاصورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ ۔ شہریوں کے مطابق تعمیراتی کام میں کم کوالٹی میٹریل اور ایرانی تارکول کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے جس سے سڑک کی پائیداری شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکموں کی مبینہ غفلت اور خاموشی کے باعث تعمیراتی معیار بہتر نہیں ہو سکا۔ ہائی وے حکام سمیت دیگر ذمہ دار ادارے صورتحال پر کوئی عملی اقدام نہیں کر رہے۔

شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ناقص کام کے باعث حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچنے کا امکان ہے ۔واضح رہے کہ ٹاٹے پور سے بوھڑ کے راستے ملتان تک ایک اور روڈ بھی تعمیر ہونا ہے جبکہ ریلوے لائن کے ساتھ ساتھ لوٹھڑ تک سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ معیار برقرار رہا تو آئندہ مکمل ہونے والے منصوبے بھی اسی طرح متاثر ہوں گے ۔سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ملتان، کمشنر ملتان، پنجاب ہائی وے اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی ناقص تعمیر کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں