پٹرول سستا، مگر عوام کو ریلیف نہ مل سکا:شیخ راشد اکرام
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے نظریاتی جیالے شیخ راشد اکرام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو عملی ریلیف نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات تو کیے گئے ، مگر اس کے اثرات عوام تک منتقل نہیں ہو سکے ۔شیخ راشد اکرام کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہیں کی گئی جبکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی بدستور بلند ہیں جو انتظامی نااہلی کا واضح ثبوت ہے ،زمینی حقائق انتہائی مایوس کن ہیں اور عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔