چھوٹے فلور ملز مالکان کے لیے 100بوری کوٹہ منظور
فلور مل انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کیلئے پرامید ہیں،چودھری مسعود
ملتان (لیڈی رپورٹر)اتحاد فلور مل ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے صدر چودھری مسعود عزیز کی کوششوں کے نتیجے میں چھوٹے فلور ملز مالکان کے لیے فی مل 100بوری کوٹہ منظور کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چودھری مسعود عزیز نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ڈائریکٹر فوڈ پنجاب امجد حفیظ سے ملاقات کی اور چھوٹے فلور ملز مالکان کے بڑھتے ہوئے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بوریوں کا کم کوٹہ چھوٹے فلور ملز کے مالکان کے لئے شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے اور متعدد چھوٹی ملیں بند ہونے کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔ملاقات کے بعد ڈائریکٹر فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے اعلان کیا کہ تمام چھوٹے فلور ملز مالکان کے لئے فی مل 100 بوری کوٹہ فراہم کیا جائے گا اور جنوبی پنجاب کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اتحاد فلور مل ایسوسی ایشن کے صدر چودھری مسعود عزیز اور دیگر عہدیداروں نے ڈائریکٹر فوڈ پنجاب امجد حفیظ کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔