پنجاب میں طلبہ کی ہیلتھ پروفائلز تاحال مکمل نہ ہو سکی
محکمہ سکول ایجوکیشن نے ڈیٹا دو روز میں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان سمیت پنجاب بھر کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز سرکاری و نجی سکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کے ہیلتھ پروفائلز تاحال مکمل کرنے میں ناکام رہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبے بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ سطح کے طلبہ کے ہیلتھ پروفائلز تیار نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، حالانکہ محکمہ سکول ایجوکیشن اس حوالے سے متعدد بار واضح ہدایات جاری کر چکا ہے ۔ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی) نے تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز سے سکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کی مجموعی تعداد طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ میٹرک اور انٹر میں پڑھنے والے طلبہ کا مکمل ڈیٹا دو روز کے اندر فراہم کیا جائے ۔ ڈی پی آئی کی جانب سے جاری مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فوری طور پر آگاہ کیا جائے کہ زیرِ تعلیم بچوں میں سے کتنے فیصد کے ہیلتھ پروفائلز مکمل ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق بچوں کے ہیلتھ پروفائلز کی تیاری کا منصوبہ تین سال قبل سابقہ حکومت کے دور میں شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد طلبہ کی صحت، بینائی، قد اور جسامت سے متعلق مکمل ریکارڈ مرتب کرنا تھا تاکہ مستقبل میں بچوں کی بہتر صحت سے متعلق منصوبہ بندی کی جا سکے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ ڈیڈ لائن میں مطلوبہ ڈیٹا فراہم نہ کیا گیا تو متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے سربراہان کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔