خاوند نے والد سے ملکر 24 سالہ بیوی کوقتل کر دیا
درخت سے لٹکاکرخودکشی کا رنگ دینے کی کوشش،دونوں کیخلاف مقدمہ درج
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)خاوند نے والد سے ملکر 24 سالہ بیوی قتل کر دی،خودکشی کا رنگ دینے کیلئے لاش کودرخت سے لٹکا دیا،مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں شوہراور سسر کے خلاف درج کرلیا گیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ صدر سرور شہید کی حدود میں موضع کہیری سناواں کے رہائشی حافظ محمد فاروق کی درخواست پر اس کی ہمشیرہ عشرت صدیق کے قتل کا مقدمہ اس کے شوہر چک نمبر 508 ٹی ڈی اے کے رہائشی محمد اقبال اور سسر بشیر احمد کے خلاف درج کر لیا گیا،مدعی کے مطابق عشرت صدیق کی شادی تقریباً 3 سال قبل محمد اقبال سے ہوئی تھی اور ان کا ایک 6 ماہ کا بیٹا اقرار اقبال ہے ، ملزموں نے باہمی صلاح مشورے سے عشرت صدیق کوناحق قتل کرنے کے بعد گھرکے باہر درخت پراس کے گلے میں پٹہ ڈال کر لاش لٹکا دی تاکہ واقعہ کوخودکشی کا رنگ دیاجاسکے ۔اطلاع ملنے پر گواہان کے ہمراہ موقع پر پہنچا تو لاش درخت سے لٹکی ہوئی تھی جس کا منہ بند تھا اور پاؤں زمین پر لگے ہوئے تھے جو قتل کی واضح نشاندہی کرتا ہے ،لاش کو خود اتار کر اپنے گھر منتقل کیا ۔وجہ عناد یہ بیان کی گئی کہ ملزم محمد اقبال کسی نامعلوم عورت سے تعلقات رکھتا تھاجس کے اکسانے پراس نے عشرت صدیق کوقتل کیاجبکہ ایک ہفتہ قبل فون پر قتل کی دھمکی بھی دی گئی تھی جس کا علم اہل خانہ کو تھا۔پولیس نے مدعی کی درخواست پرنامزد ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔