قرآن پر عمل ہی دنیا و آخرت کی کامیابی : مطیع اللہ سعید
جامعۃ الحسن بوریوالا میں 35 حفاظِ کرام کی دستار بندی، عظمت قرآن پر خطاب
بورے والا (سٹی رپورٹر)معروف عالمی مبلغ پروفیسر قاضی مطیع اللہ سعیدی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو تمام مخلوقات سے افضل بنایا اور قرآنِ مجید میں اس کی عظمت کو قسمیں کھا کر بیان فرمایا ہے ۔ انسان پر لازم ہے کہ وہ اللہ کے نازل کردہ مکمل دین پر عمل کرتے ہوئے اپنی اصل کی طرف واپسی کی تیاری کرے ، کیونکہ ہر شے کو بالآخر اپنے اصل کی جانب لوٹنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ الحسن بورے والا میں سال 2025 کے دوران حفظِ قرآن پاک مکمل کرنے والے 35 حفاظِ کرام کی دستار بندی کے موقع پر منعقدہ عظمتِ قرآن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید کی صورت میں مکمل ضابطئہ حیات عطا فرمایا، جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ نبی آخر الزماں حضرت محمد ؐنے یہی دین صحابہ کرامؓ کو سکھایا اور امتِ مسلمہ کو اسی راستے پر چلنے کی ہدایت فرمائی۔پروفیسر قاضی مطیع اللہ سعیدی نے جامعۃ الحسن کو بورے والا کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ قلیل مدت میں 35 حفاظِ کرام کی تیاری ایک عظیم دینی خدمت ہے ۔ انہوں نے جامعہ کے مہتمم مولانا محمد یاسر بشیر حنفی، سرپرستِ اعلیٰ حاجی ذوالفقار علی اور جامعہ کی انتظامیہ کو اس کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔