پنجاب میں لیزر لینڈ لیولرز فراہمی کیلئے درخواستیں طلب

پنجاب میں لیزر لینڈ لیولرز فراہمی کیلئے درخواستیں طلب

وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرام تحت کاشتکاروں کو لیزر یونٹس پر سبسڈی دی جائیگی

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے زراعت میں پانی کے مؤثر استعمال کے پروگرام کے تحت صوبے بھر کے کاشتکاروں سے ایک ہزار لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی کے لئے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ یہ پروگرام پنجاب کے تمام اضلاع میں نافذ العمل ہوگا، تاہم راولپنڈی ڈویژن اس سے مستثنیٰ ہوگا۔ترجمان کے مطابق اس سکیم کے تحت اہل کاشتکاروں کو فی لیزر لینڈ لیولر چھ لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ لیزر لینڈ لیولرز کی الاٹمنٹ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی تاکہ تمام درخواست گزاروں کو یکساں مواقع میسر آ سکیں۔محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ خواہشمند کاشتکار اور سروس پرووائیڈرز 26 جنوری 2026 تک اپنی مکمل درخواستیں مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاح آبپاشی) کے دفتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں، جبکہ یہ فارم متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (اصلاح آبپاشی)یا ڈپٹی ڈائریکٹر (اصلاح آبپاشی) کے دفاتر سے بھی بلا معاوضہ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں