کلاس رومز کی تعمیر کیلئے پیپرا قواعد میں عارضی نرمی

کلاس رومز کی تعمیر کیلئے پیپرا قواعد میں عارضی نرمی

سکول مینجمنٹ کونسل کے جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے خصوصی رعایت دی گئی

ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن نے سرکاری سکولوں میں کلاس رومز کی جلد تعمیر کے لیے سکول مینجمنٹ کونسل کے تحت جاری منصوبوں میں پیپرا رولز میں ایک مرتبہ نرمی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر کے وہ سرکاری سکول جہاں سکول مینجمنٹ کونسل کے ذریعے کلاس رومز یا دیگر عمارتوں کی تعمیر کا کام پہلے سے جاری ہے ، ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے حکومت نے بعض مالیاتی اور انتظامی قواعد میں عارضی نرمی فراہم کی ہے ۔اس خصوصی رعایت کے تحت بعض مالیاتی ضوابط، پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے قواعد اور بعض صوبائی ٹیکسز کی شرائط میں نرمی دی گئی ہے تاکہ جاری تعمیراتی منصوبوں کو بلا تعطل مکمل کیا جا سکے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کے مطابق یہ رعایت صرف ایک مرتبہ اور صرف پہلے سے جاری منصوبوں کے لیے دی گئی ہے جبکہ نئے تعمیراتی منصوبوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔حکام کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ معیار اور تکنیکی ہدایات کے مطابق مکمل کرنا لازمی ہوگا اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ اس عمل کی نگرانی کرے گی۔ حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری سکولوں میں جاری تعمیراتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ کلاس رومز کی کمی کو جلد پورا کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں