کمشنر سے سی ٹی پی افسران کی ملاقات،انتظامی امور پر بریفنگ
پروبیشنری افسر مختلف سرکاری دفاتر کا دورہ کر کے ورکنگ سٹائل کا جائزہ لینگے فیلڈ ورک کا تجربہ حاصل کرنے کیلئے انتظامی طریقہ کار دیکھیں گے ،عامر کریم
ملتان (وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے 54ویں سی ٹی پی کے پروبیشنری افسروں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر افسروں کو ملتان ڈویژن میں جاری انتظامی و ترقیاتی امور اور سرکاری نظام کار سے آگاہ کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ پروبیشنری افسر مختلف سرکاری دفاتر کا دورہ کر کے اداروں کے ورکنگ سٹائل اور انتظامی طریقہ کار کا عملی جائزہ لیں گے تاکہ انہیں فیلڈ میں کام کرنے کا مؤثر تجربہ حاصل ہو سکے ۔انہوں نے نئے افسران کو تلقین کی کہ وہ دیانت داری، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کمشنر نے کہا کہ سرکاری سروس کے آغاز میں نظام کو سمجھنا، عوامی مسائل کا ادراک کرنا اور بروقت و مضبوط فیصلے کرنا کامیابی کی کنجی ہے ۔ انہوں نے افسران کو ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ شہر کی بہتری اور خوبصورتی کے لیے متعدد اقدامات جاری ہیں جبکہ پارکس کی بہتری کے لیے وہ ہر اتوار کو خود دورہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے چھوٹی کاوشیں بھی اہم ہوتی ہیں۔ مخیر حضرات کے تعاون سے شہر میں بس اسٹینڈز اور مختلف چوکوں کی تعمیر جاری ہے جبکہ ملتان ایونیو اور ملتان وہاڑی روڈ جیسے اہم منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ۔ ساتھ ہی واسا کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔