زیر زمین پانی آلودہ ،مکین مہلک بیماریوں کا شکار
ایک ہی دن میں 3افراد کی ہلاکت ،حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ
علی پور (تحصیل رپورٹر ) تحصیل علی پور کے نواحی علاقے خیرپور سادات کی بستی چاہ گلبگ اور بستی سونترا میں آلودہ زیرِ زمین پانی اور طبی سہولیات کی شدید کمی کے باعث صحت کا خطرناک بحران پیدا ہو گیا ہے ۔ مقامی افراد مختلف مہلک بیماریوں کا شکار ہیں اور گزشتہ روز ایک ہی دن میں انوار مائی زوجہ اللہ دتہ، سکینہ مائی زوجہ حاجی احمد اور محمد شاہد انتقال کر گئے ۔ مقامی شہریوں کے مطابق پانی میں خطرناک مقدار میں آرسینک موجود ہے ، جس کے باعث لوگ ہیپاٹائٹس بی، ہیپاٹائٹس سی اور ٹی بی جیسی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ اہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ، محکمہ صحت پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے اور میڈیکل کیمپ قائم کرنے ، صاف پانی کی فراہمی اور متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔