وہاڑی پولیس ان ایکشن:3ماہ میں 1029 اشتہاری گرفتار

 وہاڑی پولیس ان ایکشن:3ماہ میں 1029 اشتہاری گرفتار

537 عدالتی مفرور بھی پکڑ لئے ،غلہ منڈی ڈکیتی کے ملزموں سے 8لاکھ ریکور

وہاڑی (خبرنگار نمائندہ خصوصی) ڈی پی او تصور اقبال کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں مجرمان اشتہاری اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ گزشتہ تین ماہ میں وہاڑی پولیس نے دن رات بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 1029 مجرمان اشتہاری گرفتار کیے ، جن میں 87 اے کیٹگری اور 942 بی کیٹگری شامل ہیں، جبکہ 537 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2025 میں 82 مجرمان اشتہاری گرفتار ہوئے ، جبکہ ڈی پی او تصور اقبال کے تعیناتی کے بعد دسمبر میں 342، جنوری میں 380 اور فروری میں 306 مجرمان اشتہاری گرفتار کیے گئے ، جو نمایاں اضافہ ظاہر کرتا ہے ۔ اسی طرح عدالتی مفروران کی گرفتاری نومبر میں 10، دسمبر میں 126، جنوری میں 249 اور فروری میں 162 رہی۔ڈی پی او تصور اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مؤثر حکمت عملی، مربوط کارروائیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بدولت مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کا سلسلہ تیز رفتاری سے جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ غلہ منڈی ڈکیتی کے ملزمان سے 8 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ، پولیس مقابلے میں زخمی مجرم گرفتار ہوا اور 4 مزید ممبران کو گرفتار کر کے 15 مقدمات میں 9 لاکھ روپے سے زائد مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ ان ٹیموں کو کیش انعام اور سی سی تھری سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں