مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، اطہر عزیز

مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، اطہر عزیز

جماعت اسلامی کا بجلی، پیٹرول قیمتوں میں اضافے پر احتجاجی مظاہرہ

ملتان (کرائم رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی ملتان چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی اور بجلی کے بلوں میں بے جا ٹیکسز کے ذریعے غریب عوام کا مسلسل استحصال کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام مہنگی بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد رشید، عبدالرحمن قریشی اور دیگر ذمہ دار بھی موجود تھے ۔

چودھری اطہر عزیز نے کہا کہ فی لٹر پٹرول پر بھاری ٹیکس وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ بجلی کے بلوں میں جی ایس ٹی، فیول ایڈجسٹمنٹ، نیلم جہلم سرچارج اور دیگر مدات شامل کر کے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈالا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف عوام سے اربوں روپے وصول کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف آئی پی پیز کو کیپسٹی چارجز کی مد میں بھاری ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، چاہے بجلی پیدا ہو یا نہ ہو۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی اور بجلی کے ظالمانہ ٹیکس فوری ختم کئے جائیں، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی جائے اور عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں