فوڈ اتھارٹی افسروں پر حملوں کی مذمت، حفاظتی اقدامات کا مطالبہ
پاکستان سوسائٹی آف فوڈ سائنٹسٹس اینڈ ٹیکنالوجسٹس کا سٹاف سے اظہار یک جہتی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان سوسائٹی آف فوڈ سائنٹسٹس اینڈ ٹیکنالوجسٹس نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران اور فیلڈ سٹاف پر حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔سوسائٹی کے مطابق یکم اپریل کو پاک پتن میں خاتون فوڈ سیفٹی آفیسر پر مضر صحت دودھ کی تیاری میں ملوث مافیا کی جانب سے تشدد کیا گیا، جبکہ 23 اپریل کو نارووال کچہری میں ایک فوڈ سیفٹی آفیسر پر بھی حملہ کیا گیا جو عوامی صحت اور قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے۔
ان واقعات کے خلاف سوسائٹی کی ایگزیکٹو کونسل کے فیصلے کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فیلڈ سٹاف سے اظہارِ یکجہتی کا دن منایا گیا، جس میں سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا گیا اور آگاہی واکس بھی منعقد ہوئیں۔صدر سوسائٹی ڈاکٹر محمد عاطف رندھاوا نے کہا کہ محفوظ خوراک کی فراہمی میں مصروف عمل اہلکاروں پر حملے ناقابلِ قبول ہیں اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔