چناب میں ڈوبنے والی لڑکی کی لاش دوسرے روز برآمد
والد کے ہمراہ دریا عبور کرنے والی صفیہ پانی میں ڈوب کر لاپتہ ہو گئی تھی
لالیاں (نمائندہ دنیا)دریائے چناب میں ڈوبنے والی 18 سالہ لڑکی کی لاش دوسرے روز برآمد کر لی گئی۔لالیاں کے نواحی علاقے ٹھٹھی بالا راجہ کے قریب اپنے والد کے ہمراہ دریا عبور کرنے والی صفیہ بی بی گہرے پانی میں ڈوب کر لاپتہ ہو گئی تھی۔ والد کے مطابق وہ اپنی بیٹی کے ساتھ ٹیوب کے ذریعے دریا پار کر رہے تھے کہ اچانک ٹیوب سے ہوا خارج ہو گئی، جس کے باعث بیٹی پانی میں ڈوب گئی جبکہ وہ خود بحفاظت کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ امدادی اہلکاروں نے مسلسل کوششوں کے بعد دوسرے روز لاپتہ لڑکی کی لاش دریا سے نکال کر ورثا کے حوالے کر دی۔