تیز رفتار بس الٹ گئی، چھ مسافر زخمی ہوگئے
خانیوال،عبدالحکیم (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) مخدوم پور روڈ پر دین پور روڈ کے قریب مسافر بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس ندھپور سے لاہور جا رہی تھی۔
زخمیوں میں آٹھ سالہ صفیان، پچیس سالہ واجد، تیس سالہ حسنین، اڑتالیس سالہ زلیخاں بی بی اور چھتیس سالہ عائشہ شامل ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے ریسکیو 1122 کو اطلاع دی جس پر ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو اہلکاروں نے چار زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی ۔جبکہ ایک شدید زخمی کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور مبینہ غفلت قرار دیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔