بوہڑانوالی گراؤنڈ میں معرکہ حق کی سالگرہ پر شاندار تقریب
قوم نے اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا:راناثنا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں فتح معرکہ حق بنیان مرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بوہڑانوالی گراؤنڈ میں گزشتہ رات عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں مشیر وزیراعظم پاکستان سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چودھری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی تقریب کا حصہ بنے ۔تقریب کے دوران قومی ترانہ، ملی نغمے اور خصوصی پروگرام پیش کیے گئے جن میں پاک فوج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ معروف گلوکار عارف لوہار نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا جس سے فضا جوش و جذبے سے بھر گئی۔سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان کا عالمی تشخص مزید مضبوط ہوا ہے اور قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت کو بھی سراہا۔