شہر میں بڑھتے جرائم، شہری عدم تحفظ کا شکار

شہر میں بڑھتے جرائم، شہری عدم تحفظ کا شکار

ماضی میں مو ثر حمت عملی سے وارداتیں کم ہو گئی تھیں ، یومیہ وارداتوں کی تعداد مبینہ طور پر 130سے تجاوز کر چکی ، شہری گھروں سے نکلتے وقت بھی خوفزدہ

فیصل آباد (عبدالباسط)فیصل آباد میں ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ایک بار پھر تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ، جبکہ پولیس کی مبینہ سست روی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نرم رویے نے شہریوں میں خوف و ہراس بڑھا دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ماضی میں پولیس کی مؤثر حکمت عملی، سخت ناکہ بندی، پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کے باعث ضلع بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی۔ شہریوں نے سکھ کا سانس لیا تھا اور یومیہ ڈکیتی و راہزنی کی وارداتیں 40 سے بھی کم سطح تک آ گئی تھیں۔تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پولیس کی کارکردگی میں مبینہ طور پر سستی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔

پٹرولنگ، ناکہ بندی اور مانیٹرنگ کے نظام میں کمی کے باعث جرائم پیشہ عناصر دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغواء، بھتہ خوری اور لوٹ مار کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یومیہ وارداتوں کی تعداد مبینہ طور پر 130 سے تجاوز کر چکی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آتی رہتی ہیں، مگر اس کے باوجود ملزمان کی گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ بڑھتے جرائم کے باعث شہری گھروں سے نکلتے وقت بھی خوف محسوس کرتے ہیں جبکہ کاروباری طبقہ بھی شدید تشویش میں مبتلا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس ایک بار پھر سخت اور جارحانہ حکمت عملی اپنائے ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کرے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں