ہنڈی و غیر قانونی کرنسی کاروبار پر چھاپہ، تین گرفتار
ملتان (کرائم رپورٹر)ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے ڈیرہ غازی خان نے شاہ صدر دین میں واقع انصاف ٹریولز اینڈ ٹورز پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی فارن کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی/حوالہ میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزموں میں طارق اور عاصم شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزموں کی نشاندہی پر ایک اور ملزم چودھری افضل یوسف کو پنجاب آٹوز سے گرفتار کیا گیا، جو انہیں نقد رقم فراہم کرنے اور بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے سہولت کاری میں ملوث تھا۔چھاپے کے دوران ملزموں کے قبضے سے 80 ہزار پاکستانی روپے ، 410 امریکی ڈالر، 5 سعودی ریال، 100 عمانی پیسے ، مختلف ناموں کے 3 پاسپورٹس اور موبائل فونز برآمد ہوئے ۔ترجمان کے مطابق موبائل فونز سے غیر قانونی ہنڈی و حوالہ کاروبار سے متعلق واٹس ایپ چیٹس اور دیگر قابل اعتراض مواد بھی برآمد کیا گیا، جسے قبضے میں لے لیا گیا ہے ۔ملزموں کیخلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ اور پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔