کھیتوں میں 20کلو وزنی اژدہا نکل آیا، خوف و ہراس

کھیتوں میں 20کلو وزنی اژدہا نکل آیا، خوف و ہراس

ماہر جوگیوں نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطرناک اژدہا قابو کر لیا

سکندرآباد (نامہ نگار) شجاع آباد کے نواحی علاقے میں کھیتوں کے اندر ایک خطرناک اور بھاری بھرکم اژدہا نکل آنے سے کسانوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ کاشتکار اپنے معمول کے مطابق کھیتوں میں کام کر رہے تھے کہ اچانک زمین کے اندر غیر معمولی حرکت محسوس ہوئی۔قریب جا کر دیکھا گیا تو ایک طویل القامت پہاڑی اژدہا موجود تھا جس کی لمبائی کئی فٹ اور وزن تقریباً 20 کلوگرام سے زائد بتایا جا رہا ہے ۔ منظر دیکھتے ہی کسانوں میں بھگدڑ مچ گئی اور سب نے فوری طور پر کام روک دیا۔

اطلاع ملنے پر ماہر جوگی رمضان اور بلال موقع پر پہنچے اور انتہائی مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اژدہے کو قابو کرنے کی کوشش شروع کی۔ تقریباً دو گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد جوگیوں نے دیسی طریقے سے اسے قابو کر کے محفوظ طریقے سے ہنچرے میں بند کر دیا۔مقامی زمینداروں اور کاشتکاروں نے جوگیوں کی اس بہادری کو سراہتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اژدہے کی موجودگی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی تھی کیونکہ اس وقت کھیتوں میں فصلوں کی کٹائی جاری ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں