معرکہ حق کی سالگرہ پر سیمینار اور ریلی، پاک فوج کو خراج تحسین
ضلعی انتظامیہ خانیوال کے زیر اہتمام شرکاء کا قومی اتحاد اور افواج سے اظہار یکجہتی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ خانیوال کے زیر اہتمام معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں شاندار سیمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فوج سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔سیمینار کی صدارت ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کی جبکہ ایم این اے محمد خان ڈاہا، چودھری افتخار نذیر، ایم پی اے بیرسٹر اصغر حیات ہراج، رانا محمد سلیم حنیف اور ڈی پی او محمد عابد وڑائچ بھی شریک ہوئے ۔ تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے ، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے جن سے ماحول حب الوطنی کے جذبے سے بھر گیا۔مقررین نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک افواج نے دشمن کو تاریخی شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
ایم این اے محمد خان ڈاہا نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا جبکہ چودھری افتخار نذیر نے کہا کہ پاک فوج قوم کی غیرت اور وقار کی علامت ہے ۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ افواج پاکستان نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے ۔ ڈی پی او محمد عابد وڑائچ نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ۔ سیمینار کے بعد ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں، طلبہ اور سرکاری افسران نے بھرپور شرکت کی۔