افسروں کی شہید سپاہی کے اہلخانہ سے ملاقات، خراج عقیدت

افسروں کی شہید سپاہی کے اہلخانہ سے ملاقات، خراج عقیدت

سپاہی راؤ عدیل اکبر شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی،دعائے مغفرت

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سپاہی راؤ عدیل اکبر شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر ایم این اے محمد خان ڈاہا، ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید اور ڈی پی او محمد عابد وڑائچ نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی اور ان کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے شہید کے گھر جا کر اہلخانہ کی خیریت دریافت کی اور ان کے صبر و حوصلے کو سراہا۔سپاہی راؤ عدیل اکبر شہید نے 10 مئی 2025 کو نکیال سیکٹر آزاد کشمیر میں وطن کے دفاع کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا سرمایہ افتخار ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ایم این اے محمد خان ڈاہا نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت ملک محفوظ ہے جبکہ ڈی پی او محمد عابد وڑائچ نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ آخر میں شہید کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں