مظفرگڑھ میں معرکۂ حق کی مرکزی ریلی، عوام کی بھرپور شرکت
ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ریلی میں شہریوں اور طلبہ نے حب الوطنی کا اظہار کیا
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کے زیر اہتمام یومِ معرکۂ حق کے موقع پر مرکزی ریلی کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ ریلی ڈی سی آفس سے کچہری چوک تک نکالی گئی جس میں شہریوں، طلبہ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی میں اراکین اسمبلی، ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یوسف چھینہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس انعم حفیظ، پارلیمانی سیکرٹری اجمل خان چانڈیہ اور ایم پی اے عون حمید ڈوگر سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
طلبہ نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے جس سے پورا ماحول قومی جذبے سے بھر گیا۔ خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی ریلی کا حصہ بنی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ٹریفک کی روانی کو بھی برقرار رکھا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معرکۂ حق قربانی، جرات اور قومی اتحاد کی عظیم مثال ہے ۔ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔