مسلم ویمن لیگ وہاڑی کی ریلی، پاک افواج کو خراج تحسین

مسلم ویمن لیگ وہاڑی کی ریلی، پاک افواج کو خراج تحسین

کارکنوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں ،ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی شرکت

وہاڑی (خبرنگار) پاکستان مسلم ویمن لیگ ضلع وہاڑی کے زیر اہتمام معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر افواج پاکستان اور شہداء وطن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مسلم ویمن لیگ کی کارکنوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی جبکہ بھارت اور اسرائیل کے خلاف شدید احتجاج بھی کیا گیا۔ اس دوران پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد، انڈیا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے گونجتے رہے ۔ ریلی میں شرکاء قومی پرچم اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ملک و قوم سے اظہار یکجہتی کے پیغامات درج تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری مسلم ویمن لیگ ضلع وہاڑی ام انعام الرحمن اور صدر مسلم گرلز لیگ ضلع وہاڑی ام حماس سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ ہے ۔مقررین نے شہداء وطن کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کی بدولت ملک محفوظ ہے ۔ آخر میں ملک کی سلامتی، استحکام اور شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں