محرم پر واسا ملتان میں ہائی الرٹ نافذ،چھٹیاں منسوخ
جلوس روٹس پر پانی کی فراہمی، مرکزی کمپلینٹ سیل 24گھنٹے فعال
ملتان (لیڈی رپورٹر)عاشورہ محرم کے انتظامات کے سلسلے میں واسا ملتان میں ہائی الرٹ اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا طیب فرید کی ہدایت پر 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر تمام افسروں و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسروں کو ہدایت کی کہ جلوس روٹس، امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر فراہمی و نکاسی آب کی خدمات بلا تعطل جاری رکھی جائیں جبکہ فیلڈ ٹیموں اور مشینری کو مکمل طور پر متحرک رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آفس کنٹرول روم اور واسا کمپلینٹ سیل سے موصول تمام شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں ہوگی۔ مون سون ایمرجنسی کیمپس بھی مکمل فعال ہیں۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ 9 اور 10 محرم کے دوران مرکزی کمپلینٹ سیل 24 گھنٹے فعال رہے گا جبکہ ہیڈ آفس میں خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ۔ شہری کسی بھی شکایت کیلئے 1334 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے جلوس روٹس پر عزاداروں کیلئے واٹر باؤزرز کے ذریعے پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔