بی زیڈ یو خزانچی تعیناتی پر تحفظات سامنے آگئے
ایمرسن متاثرین نے اساتذہ اور انتظامیہ کو کھلا خط ارسال کردیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں نئے خزانچی ندیم مشتاق کی تعیناتی پر تحفظات سامنے آگئے جبکہ ایمرسن یونیورسٹی کے متاثرین نے بی زیڈ یو اساتذہ، افسروں اور انتظامی شخصیات کو کھلا خط ارسال کر دیا۔خط میں دعویٰ کیا گیا کہ ندیم مشتاق نے ایمرسن یونیورسٹی میں بعض مالیاتی فیصلے کئے جن پر بعد ازاں سوالات اٹھائے گئے ۔ متاثرین کے مطابق نو تعینات خزانچی قواعد و ضوابط کی تکنیکی تشریح کے ذریعے بعض انتظامی فیصلوں کو قانونی شکل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے یونیورسٹی کے مالی وسائل متاثر ہو سکتے ہیں۔
خط میں موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال اور خزانچی کے مابین سابقہ انتظامی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے الزام لگایا گیا کہ ایمرسن یونیورسٹی میں مختلف مالی مراعات دی جاتی رہیں۔ متاثرین نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسی نوعیت کے فیصلے مستقبل میں بی زیڈ یو میں بھی سامنے آسکتے ہیں۔خط میں اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن، ایمپلائز یونین، فنانس کمیٹی اور سنڈیکیٹ ارکان سے مطالبہ کیا گیا کہ مالیاتی ایجنڈوں، فیسوں میں اضافے اور دیگر تجاویز کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے ۔ تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔