یوم عاشور پر 56جلوس، 60مجالس، سکیورٹی پلان نافذ
526اہلکار تعینات، حساس مقامات نگرانی، روٹس پر سخت حفاظتی انتظامات
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ضلع بھر میں آج 10 محرم الحرام کو یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مطابق ضلع بھر میں مجموعی طور پر 56 جلوس اور 60 مجالس عزاء منعقد ہوں گی جبکہ ان کی سکیورٹی کے لیے 526 پولیس افسران و اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ نہنگ اجمل شاہ اور بخاری روڈ سے برآمد ہوں گے جبکہ مختلف علاقوں اور امام بارگاہوں سے نکلنے والے چھوٹے بڑے جلوس ریلوے چوک پر جمع ہو کر مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے ۔ بعدازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ٹبہ کربلا میں اختتام پذیر ہوگا۔ سکیورٹی پلان کے تحت جلوسوں کی حفاظت کے لیے 243 جبکہ مجالس کی سکیورٹی کے لیے 283 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں ایک اے کیٹیگری، 21 بی کیٹیگری اور 17 سی کیٹیگری کے جلوس جبکہ ایک اے کیٹیگری، 20 بی کیٹیگری اور 19 سی کیٹیگری کی مجالس شامل ہیں۔