اساتذہ کے تبادلوں کیلئے 13 ہزار 400 درخواستیں موصول
پروموشن یافتہ اساتذہ کی درخواستیں سب سے زیادہ، جانچ پڑتال کا آغاز
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن کو اساتذہ کے تبادلوں کے لئے مجموعی طور پر 13 ہزار 400 درخواستیں موصول ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 جولائی تھی، جس کے بعد تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال اور تصدیقی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ موصولہ درخواستوں میں سب سے زیادہ تعداد پروموشن پانے والے اساتذہ کی ہے ، جنہوں نے نئی تعیناتی یا پسندیدہ مقام پر تبادلے کے لئے 10 ہزار 34 درخواستیں جمع کرائیں۔
اس کے علاوہ تقریباً 3 ہزار اساتذہ نے باہمی تبادلوں (میوچل ٹرانسفر) کے لئے درخواستیں دیں، جبکہ قریب 600 تقرری کے منتظر اساتذہ نے بھی تبادلے کی درخواستیں جمع کرائیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق تمام درخواستوں کا پالیسی کے مطابق مرحلہ وار جائزہ، ریکارڈ کی تصدیق اور جانچ مکمل ہونے کے بعد اہل اساتذہ کے تبادلوں کے احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ یہ عمل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا جائے گا تاکہ کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق تبادلوں کے اس مرحلے سے ہزاروں اساتذہ کو موزوں تعیناتی حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے تدریسی نظام کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔