کوٹ ادو میں مفت وائی فائی سروس،13 مقامات پر آغاز
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا اقدام، شہری بلا معاوضہ انٹرنیٹ استعمال کرینگے
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (پی ایس سی اے ) نے سیف سٹی کوٹ ادو منصوبے کے تحت شہریوں کی سہولت کے لیے شہر کے 13 اہم مقامات پر مفت وائی فائی سروس کا آغاز کر دیا۔ اس سہولت سے شہری بلا معاوضہ انٹرنیٹ استعمال کر سکیں گے ۔سیف سٹی حکام کے مطابق مفت وائی فائی کی سہولت کیپکو کے مرکزی داخلی گیٹ، سٹیڈیم چوک، تھانہ چوک، ریلوے اسٹیشن، گورنمنٹ کامرس کالج، ریلوے چوک، ریسکیو 1122 ریلوے پھاٹک، نرسنگ کالج سے درانی آٹوز تک، گورنمنٹ گریجویٹ کالج، کیپکو پل، گاڈروالی پل، امام بارگاہ چوک اور گڈی چوک پر فراہم کی گئی ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا، عوامی مقامات پر رابطوں کو بہتر بنانا اور سمارٹ سٹی کے تصور کو فروغ دینا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی عوامی سہولت کے ایسے منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔شہریوں نے مفت وائی فائی سروس کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے طلبہ، مسافروں اور عام شہریوں کو روزمرہ امور میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments