خانیوال میں عوام دوست جدید سمارٹ پولیس سٹیشنز کا افتتاح
ڈی پی او نے شہداء کے اہلخانہ کے ہمراہ افتتاح کیا،شہریوں کو نئی سہولتیں فراہم
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈی پی او خانیوال محمد عابد نے عوام دوست اور جدید پولیسنگ کے فروغ کے لیے ایک اور اہم اقدام کرتے ہوئے تھانہ سٹی خانیوال اور تھانہ سٹی کبیروالا کی نئی تعمیر شدہ عمارتوں (سمارٹ پولیس اسٹیشنز) کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں شہداء پولیس کے اہلخانہ نے خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر فرحان شاہد، ایس ڈی پی او کبیروالا منور گجر، ایس ڈی پی او صدر سرکل سعید سیال، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔ ڈی پی او محمد عابد نے افتتاح کے بعد تھانوں کی مختلف برانچز کا معائنہ کیا اور فرنٹ ڈیسک، ویٹنگ روم، ایس ایچ او روم، تفتیشی روم، ریکارڈ روم، حوالات اور دیگر شعبہ جات میں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈی پی او نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبہ بھر میں جدید طرز کے پولیس اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ روایتی تھانہ کلچر کا خاتمہ کرکے شہریوں کو شفاف، تیز رفتار اور مؤثر پولیس سروسز فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ سمارٹ پولیس اسٹیشنز میں جدید دفاتر، شہریوں کے لیے آرام دہ ویٹنگ ایریا، فرنٹ ڈیسک، ڈیجیٹل ریکارڈ سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمروں سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments