پرانا خانیوال سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا،زندگی اجیرن
گھروں اور گلیوں میں گندا پانی داخل، نکاسی آب کا نظام ناکام ،نوٹس کا مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پرانا خانیوال میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہونے کے باعث گلیاں اور رہائشی علاقے گندے پانی کی لپیٹ میں آ گئے ، جبکہ شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔تفصیل کے مطابق پرانا خانیوال میں سیوریج کی ناقص صورتحال کے باعث آئے روز گندا پانی گلیوں، محلوں اور گھروں میں داخل ہو رہا ہے ۔ تعفن، بدبو اور گندگی کے باعث اہل علاقہ کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ، جبکہ آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار واسا اور متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا، لیکن تاحال نکاسی آب کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ مسلسل کھڑے گندے پانی کے باعث موذی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ، جس سے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں کے مطابق کئی گھروں میں سیوریج کا پانی داخل ہونے سے گھریلو سامان کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ، مگر متعلقہ ادارے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہے ۔اہل علاقہ نے کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر خانیوال، ایم ڈی واسا اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments