شہداء کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی قومی ذمہ داری
قومی سلامتی، ریاستی اداروں کے وقار کو مقدم رکھا جائے ، روبینہ زہرہ گردیزی
جودھ پور (نمائندہ دنیا)پیپلز پارٹی کی حلقہ پی پی212 کبیروالا سے ٹکٹ ہولڈر مخدومہ سیدہ روبینہ زہرہ گردیزی نے کہا ہے کہ وطن عزیز اور پاکستان کی مسلح افواج کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، جن کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی پر فرض ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے ، اس لیے ان کے بارے میں ایسا کوئی بھی بیان یا طرزِ گفتگو، جس سے عوام یا شہداء کے لواحقین کے جذبات مجروح ہوں، افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے ہر شہری کا آئینی حق ہے ، تاہم قومی سلامتی، شہداء کے احترام اور ریاستی اداروں کے وقار کو ہر حال میں مقدم رکھا جانا چاہیے۔
مخدومہ روبینہ زہرہ گردیزی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہی ہیں، جبکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور شہداء کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے سیاسی و سماجی شخصیات سے اپیل کی کہ قومی یکجہتی، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے اور ایسے بیانات سے اجتناب کیا جائے جن سے قومی ہم آہنگی متاثر ہو یا شہداء کے لواحقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments