کوئٹہ روڈ کی خستہ حالی کانوٹس،ہنگامی مرمت کرنے کا حکم
سڑک کی بندش سے بین الصوبائی ٹریفک کومشکلات کا سامنا،عثمان خالد
ڈیرہ غازی خان ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے بین الصوبائی شاہراہ کوئٹہ روڈ راکھی گاج تا بواٹا کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے متعلقہ حکام کو سڑک کی ہنگامی مرمت اور بھاری مشینری کی فوری تعیناتی کے لئے مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ راکھی گاج کے پہاڑی علاقے میں سڑک متعدد مقامات پر شدید متاثر ہو چکی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے 19 جولائی کو مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور سڑک کی بندش کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے ، جس سے بین الصوبائی ٹریفک اور مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مراسلے میں این ایچ اے سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرہ مقامات پر فوری مرمتی کام شروع کیا جائے ، بھاری مشینری ہر وقت دستیاب رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سڑک کو فوری طور پر کلیئر کرکے آمدورفت بحال رکھنے کیلئے پیشگی انتظامات کئے جائیں۔ مراسلے میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ ماضی میں اسی مقام پر حادثات پیش آ چکے ہیں لہٰذا کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مون سون کے دوران حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں کی نگرانی کر رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments