والی بال گراؤنڈ میں فائرنگ‘ نوجوان زخمی‘اقدام قتل کا مقدمہ درج
والی بال گراؤنڈ میں فائرنگ‘ نوجوان زخمی‘اقدام قتل کا مقدمہ درججھگڑا ختم کرانے پر نوجوان پر فائرنگ، پولیس نے فرانزک ٹیمیں طلب کرلیں
کوٹ ادو(نامہ نگار ) کینال کالونی کے والی بال گراؤنڈ میں جھگڑا ختم کرانے کی کوشش پر مبینہ مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو زخمی کردیا، پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فرانزک ٹیمیں طلب کرلیں۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز کینال کالونی کوٹ ادو میں وقار عابد نامی نوجوان نے والی بال گراؤنڈ میں مہر علی اور دیگر افراد کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی۔ مدعی عابد حسین کے مطابق اس مداخلت پر مہر علی اپنے تین نامعلوم ساتھیوں سمیت مشتعل ہوگیا اور وقار پر تشدد شروع کردیا، جبکہ مہر علی نے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کردی۔ گولی وقار کے دائیں ہاتھ پر لگی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ ملزمان مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس نے زخمی نوجوان کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے مضروب کے والد کی مدعیت میں مہر علی اور تین نامعلوم افراد کے خلاف دفعات 324 اور 34 ت پ کے تحت مقدمہ نمبر 898/26 درج کرلیا۔ جائے وقوعہ سے سائنسی شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیمیں طلب کرلی گئی ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments