غلط انجکشن سے بچے کی ہلاکت، پولیس کی تحقیقات شروع
غلط انجکشن سے بچے کی ہلاکت، پولیس کی تحقیقات شروع کلینک کے کمپوڈر نے انجکشن لگایا، حالت بگڑی اوربچہ دم توڑ گیا، والد کا الزام
ملتان (کرائم رپورٹر) سٹی جلالپور پولیس نے مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پر واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔ پولیس کو سراج نے بتایا کہ اس کے بیٹے کی طبیعت خراب ہونے پر اسے ایک نجی کلینک لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے کچھ ادویات اور انجکشن تجویز کئے ۔ سراج کے مطابق کلینک کی فارمیسی سے تمام ادویات اور انجکشن خرید کر ڈاکٹروں کے حوالے کئے گئے ۔ بعدازاں کلینک کے کمپوڈر نے اس کے بیٹے کو انجکشن لگایا، جس کے بعد بچے کی حالت مزید خراب ہوگئی۔ تشویشناک حالت کے باعث بچے کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ سراج نے الزام عائد کیا کہ اس کے بیٹے کو مبینہ طور پر غلط انجکشن لگایا گیا، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی، لہٰذا ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ اطلاع ملنے پر سٹی جلالپور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ سے متعلق شواہد و معلومات جمع کرکے تحقیقات شروع کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments