صحافی عمران شفقت کیخلاف این سی سی آئی اے سماعت ملتوی
صحافی عمران شفقت کیخلاف این سی سی آئی اے سماعت ملتویعدالت نے کارروائی معطل رکھنے کا حکم برقرار رکھا، علاقائی حدود پر رائے طلب
ملتان (کورٹ رپورٹر) لاہور ملتان بینچ کے جج جسٹس ملک اویس خالد نے صحافی عمران شفقت کے خلاف این سی سی آئی اے ملتان میں درج مقدمے کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی، جبکہ عدالت نے ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی معطل رکھنے کا حکم برقرار رکھا ہے ۔ سماعت کے دوران صحافی کی جانب سے میاں داؤد ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے حکومت پر تنقید کرنے کے الزام میں لاہور کے رہائشی صحافی عمران شفقت کے خلاف کارروائی کیلئے این سی سی آئی اے ملتان میں شکایت درج کرا رکھی ہے ۔ پیٹیشنر کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل نے اپنا وی لاگ لاہور میں ریکارڈ اور اپ لوڈ کیا، ملتان میں اس حوالے سے کوئی سرگرمی نہیں ہوئی۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ویڈیو میں کوئی ایسی بات نہیں جس پر قانونی کارروائی بنتی ہو، این سی سی آئی اے کی کارروائی محض ہراساں کرنے کے مترادف ہے ۔ وکیل نے کارروائی روکنے اور انکوائری رپورٹ خارج کرنے کی استدعا کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم ایجنسی ملتان نے گزشتہ سماعت پر تحریری جواب جمع کرایا تھا۔ عدالت کے سامنے یہ معاملہ بھی زیر غور ہے کہ انکوائری ملتان کی علاقائی حدود میں آتی ہے یا نہیں اور عمران شفقت کے خلاف قابل دست اندازی پولیس جرم بنتا ہے یا نہیں۔ متعلقہ افسر نے علاقائی حدود کے قانونی نکتے پر رائے لینے کیلئے مزید مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments