رحیم یار خان میں شہری پر فائرنگ، اہلخانہ کااحتجاجی مظاہرہ

رحیم یار خان میں شہری پر فائرنگ، اہلخانہ کااحتجاجی مظاہرہ

شوکت علی کو اغوا کرکے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا،ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ

رحیم یار خان (نمائندہ خصوصی) گھر سے مبینہ اغوا کے بعد فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے شوکت علی کے اہلخانہ نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔متاثرہ خاندان کے لیاقت علی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان مبینہ طور پر شوکت علی کو گھر سے زبردستی لے گئے اور سیم نالہ کے قریب ایک خالی پلاٹ میں قتل کرنے کی نیت سے سات فائر کیے ، جن میں سے چار گولیاں اسے لگیں۔ ان کے مطابق گولیاں کندھے اور ٹانگ، خصوصاً گھٹنے کے قریب لگنے سے شوکت علی شدید زخمی ہوا اور ڈاکٹروں نے مستقل معذوری کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔اہلخانہ نے الزام عائد کیا کہ اعجاز احمد کھرل فائرنگ میں براہ راست ملوث ہے ، جبکہ عبد اللطیف کھرل اور دیگر افراد کے کردار کی بھی تحقیقات کی جائیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ واقعے کو کئی روز گزرنے کے باوجود میڈیکل لیگل سرٹیفکیٹ (ایم ایل سی) جاری نہیں کیا گیا اور زخمی کو مکمل علاج کے بغیر شیخ زید ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ انہوں نے ملزمان کی مبینہ دھمکیوں کے باعث خاندان کو لاحق خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔دوسری جانب پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات، شوکت علی کے مفت اور معیاری علاج، ایم ایل سی کے فوری اجرا اور اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...