ویمن یونیورسٹی:68کروڑ لاگت سے فارمسی ڈیپارٹمنٹ کا نیا بلاک مکمل

ویمن  یونیورسٹی:68کروڑ لاگت سے فارمسی  ڈیپارٹمنٹ کا نیا  بلاک  مکمل

عمارت میں چھ کلاس رومز، آٹھ جدید لیبارٹریاں قائم، رواں ہفتے تدریس شروع ،عمارت میں فارمیسی ،کمپیوٹر سائنس کے شعبے بنائے گئے ،بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے گا

ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے نئے بلاک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے ، جہاں رواں ہفتے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ ایک لاکھ مربع فٹ رقبے پر مشتمل اس تعلیمی بلاک کی تعمیر کے لئے 68 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے ۔ عمارت میں فارمیسی اور کمپیوٹر سائنس کے شعبے قائم ہیں۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق عمارت کے تقریباً 55 فیصد حصے میں فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ شعبے کے لئے چھ وسیع کلاس رومز اور آٹھ جدید لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں، جہاں طالبات کو تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ عملی تربیت اور تحقیق کے مواقع میسر آئیں گے ۔ اس کے علاوہ اساتذہ اور طالبات کے لئے علیحدہ نشست گاہیں، کانفرنس روم اور آڈیٹوریم بھی عمارت کا حصہ ہیں۔

ترجمان کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ اس بلاک کی تکمیل سے طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم ہوگا، جبکہ عملی تربیت کے مواقع بڑھنے سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کی توقع ہے ۔ اسی عمارت میں کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ بھی قائم کیا گیا ہے ، جس سے یونیورسٹی میں سائنسی اور تکنیکی تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو مزید تقویت ملے گی۔وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ بتول نے کہا کہ طالبات کو معیاری تعلیم، جدید تدریسی سہولیات اور تحقیق کے بہتر مواقع فراہم کرنا یونیورسٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ فارمیسی کونسل کے مقررہ معیار کے مطابق نئے بلاک کی تکمیل اس ویژن کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جدید لیبارٹریوں، وسیع کلاس رومز اور دیگر سہولیات سے طالبات کو علمی و پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یونیورسٹی جدید تعلیم، تحقیق اور عملی تربیت کے ذریعے طالبات کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...