اسلامیہ یونیورسٹی میں حب الوطنی اور قوم پرستی پر سیمینار
ملکی ترقی، قومی اتحاد، باہمی احترام اور ذمہ دارانہ سوشل میڈیا کے استعمال پر زور
بہاولپور (خبر نگار، سٹی رپورٹر) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں شعبہ امور طلبہ اور کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام حب الوطنی اور قوم پرستی کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا، جس میں معروف پارلیمنٹرین و سینئر کالم نگار سید تابش الوری، اسسٹنٹ پروفیسر میڈیا اسٹڈیز ڈاکٹر سید اویس حسن گیلانی، مشیر کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمن، ڈاکٹر سعد اسلم اور دیگر مقررین نے اظہار خیال کیا۔ڈاکٹر سید اویس حسن گیلانی نے کہا کہ حقیقی حب الوطنی کے لیے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک اور قوم کے بارے میں سوچنا ضروری ہے ۔ نوجوانوں کو ملازمتوں کے حصول کے ساتھ کاروبار اور صنعت کے فروغ پر بھی توجہ دینی چاہیے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ذمہ داری سے اظہار خیال کرنے اور اختلاف رائے کے باوجود ایک دوسرے کو قبول کرنے کو حب الوطنی کا اہم تقاضا قرار دیا۔سید تابش الوری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے قومی اتحاد، محبت اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کو سمجھتے ہوئے قومیتی اور علاقائی اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے ۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی مضبوطی کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے ۔ سیمینار میں اساتذہ، طلبہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments