وکٹوریہ ہسپتال ، وارڈ 3 میں ناقص صفائی، کٹھملوں کی بھرمار
مریضوں اور تیمارداروں کو شدید مشکلات ، انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
بہاولپور (خبر نگار، سٹی رپورٹر) بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے میڈیکل وارڈ نمبر 3 میں صفائی کے ناقص انتظامات اور کٹھملوں کی مبینہ بھرمار کے باعث مریضوں، ان کے لواحقین اور تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہسپتال جیسے حساس مقام پر صفائی کی ابتر صورتِ حال نے انتظامی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق وارڈ میں کٹھملوں کی موجودگی سے مریضوں کے ساتھ آنے والے عزیز و اقارب بھی پریشان ہیں۔ بیماری اور تکلیف میں مبتلا مریضوں کے لیے صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات الارض کی موجودگی مزید مشکلات کا باعث بن رہی ہے ۔مریضوں اور تیمارداروں کو صاف ستھرا، محفوظ اور صحت بخش ماحول فراہم کرنا ہسپتال انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے ، تاہم میڈیکل وارڈ نمبر 3 کی صورتِ حال صفائی اور حشرات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے ۔شہری حلقوں اور مریضوں کے لواحقین نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وارڈ میں صفائی کا نظام فوری بہتر بنایا جائے ، کٹھملوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور بستروں سمیت وارڈ کے تمام حصوں کی باقاعدہ صفائی اور جراثیم کشی یقینی بنائی جائے۔ ، تاکہ مریضوں اور تیمارداروں کو محفوظ ماحول میسر آ سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments