احمدپور شرقیہ میں تحفظ ختم نبوت و ناموس صحابہ کانفرنس
عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، ناموس دفاع صحابہ ؓ پر زور، اتحاد و اخوت کا پیغام
ڈیرہ نواب صاحب (نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اہلحدیث یوتھ فورس احمدپور شرقیہ کے زیر اہتمام مولانا عبدالشکور کی نگرانی میں تحفظ ختم نبوت، ناموس صحابہ اور تحفظ حرمین شریفین کانفرنس محمود پارک میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت سید عمر فاروق شاہ اور ممبر امن کمیٹی محمد اشفاق سلفی نے کی، جبکہ ڈی ایس پی احمدپور شرقیہ چوہدری محمد جاوید مہمان خصوصی تھے ۔چیئرمین اتحاد امت علماء و مشائخ پاکستان قاری شیخ محمد یعقوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ امت مسلمہ کی بنیادی ذمہ داری اور ناموس صحابہ کا دفاع دینی و قومی فریضہ ہے ۔ انہوں نے تحریک تحفظ ختم نبوت اور جنگ یمامہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام نے اس عقیدے کے تحفظ کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ باہمی اختلافات ختم کرکے اتحاد و اخوت کو فروغ دیں۔نائب ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان مولانا عبدالرحیم گجر نے کہا کہ حرمین شریفین مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مقامات ہیں اور ان سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے ۔کانفرنس سے مولانا قاری یٰسین حیدر، مولانا محمد یونس شہزاد، مولانا شیخ عبداللطیف اور مولانا محمد اسحاق اوکاڑوی سمیت دیگر علما نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر متعدد علما، مذہبی و سماجی شخصیات اور تحصیل بھر سے آنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments