نئے صوبے بنانے سے احساس محرومی ختم ہوگا:اقبال پتافی
لاہور ڈویژن پر پورے جنوبی پنجاب کے اضلاع سے بھی زیادہ خرچ کیا جارہا ہےاضلاع کو مساوی مواقع ملیں گے تو خوشحالی آئے گی،سابق صدر مظفرگڑھ بار
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر )ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مظفر گڑھ کے سابق صدر اور ضلع کونسل مظفر گڑھ کے سابق وائس چیئرمین سردار محمد اقبال خان پتافی نے کہا ہے کہ چھوٹے چھوٹے نئے صوبے بنانے سے احساس محرومی ختم اور فیڈریشن مضبوط ہوگی۔ سردار محمد اقبال نے سردار کاشف امتیاز پتافی ایڈووکیٹ، سابق ناظم سردارصابر خان چانڈیہ ایڈووکیٹ، سابق ناظم رائے محسن علی بورانہ ایڈووکیٹ ،سابق ناظم احسان احمد خان شانی کبڑا ، سابق ناظم سردار عاشق حسین خان چانڈیہ سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جنوبی پنجاب،ہزارہ اور بہاولپور صوبے کی تحریکیں ایک عرصہ سے چل رہی ہیں لیکن نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو لسانی تعصب یا ذاتی مفادات کا رنگ دیکر الگ صوبے کے مطالبات پر کبھی سنجیدگی سے غور ہی نہیں کیا گیا مگر اب درپیش ملکی حالات کے پیش نظر ملک میں ری سٹرکچرنگ کی اشد ضرورت ہے ۔ اقبال خان پتافی نے کہا کہ صرف لاہور ڈویژن پر پورے جنوبی پنجاب کے اضلاع سے بھی زیادہ خرچ کیا جارہا ہے ۔لاہور ڈویژن میں 50 ہسپتال ہیں جبکہ پورے جنوبی پنجاب میں بمشکل 30 سرکاری ہسپتال ہوں گے۔
نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنانے سے تمام علاقوں کو وسائل،شناخت اور اختیارات کی بنیاد پر مساوی مواقع ملیں گے تو خوشحالی آئے گی۔ ضلع مظفرگڑھ قدیمی و تاریخی ضلع ہے مگر یہاں ایک بھی یونیورسٹی تک بھی نہیں جبکہ اپر پنجاب کے اضلاع میں نت نئی یونیورسٹیاں،کالجز اور یورپی طرز کے روڈز بن رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments