شفاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات ناگزیر ، نتاشا دولتانہ

 شفاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات ناگزیر ، نتاشا دولتانہ

اپوزیشن اصلاحات کمیٹی میں شامل ہو کر جمہوری عمل مضبوط بنائے ، گفتگو

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی نتاشا دولتانہ نے کہا ہے کہ ملک میں شفاف اور قابل اعتماد انتخابات کے انعقاد کے لیے انتخابی اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت جمہوریت کے استحکام کی جانب مثبت قدم ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو یہ پیشکش کیے ایک ہفتہ گزر چکا ہے اور اس کی جانب سے بروقت شرکت جمہوری عمل کے لیے خوش آئند ہوگی۔ انتخابی اصلاحات کا مقصد کسی ایک سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچانا نہیں بلکہ پورے انتخابی نظام کو بہتر بنانا ہے ۔ تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایسا نظام تشکیل دیا جا سکتا ہے جس پر عوام کا اعتماد قائم ہو۔نتاشا دولتانہ نے پاکستان تحریک انصاف کو پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں میں واپسی پر بھی غور کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ قائمہ کمیٹیاں قانون سازی کا جائزہ لینے اور قوانین کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اپوزیشن کی شرکت سے اسے اپنا مؤقف پیش کرنے اور تحفظات دور کرنے کا موقع ملتا ہے ۔ سیاسی اختلافات کو اداروں کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے ۔

عمران خان کی صحت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر وہ ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا ہیں تو انہیں فوری طور پر مناسب طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ جیل مینوئل کا اطلاق تمام قیدیوں پر یکساں ہونا چاہیے اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر شخص کو علاج، عزت اور انصاف کی سہولت ملنی چاہیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے ۔ کسانوں، مزدوروں اور محروم طبقات کے حقوق کی آواز بلند کرنا پارٹی کی پہچان ہے ۔ قومی معاملات میں اپوزیشن کی مؤثر شرکت سے جمہوری نظام مزید مضبوط ہو سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...