بیوٹیفکیشن کی آڑ میں کاروبار کی قربانی قبول نہیں،ظفر اقبال
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر کے صدر ظفر اقبال صدیقی کی قیادت میں وفد نے انجمن تاجران ٹی بی روڈ، ختم نبوت چوک کے۔۔
نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات کی اور انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ہار پہنائے ۔ وفد میں عزیز الرحمن انصاری، شیخ عبدالندیم، ملک اسلم بوہنہ، منور قریشی اور آصف بلوچ شامل تھے ۔اس موقع پر نومنتخب صدر ملک شاہد ڈوگر، جنرل سیکرٹری افضل انصاری، چیئرمین حاجی عبدالرشید، وائس چیئرمین عباس ڈوگر، سرپرست اعلیٰ حاجی سلیم اختر، سینئر نائب صدر شفقت نذیر، نائب صدور ایم اصغر سمیت دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ظفر اقبال صدیقی نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل اور حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے تاریخی فصیل کے ساتھ قائم دکانیں ختم کرنے کے انتظامی منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات قابل قبول نہیں جن سے تاجروں کا روزگار متاثر اور سینکڑوں خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہوں۔ ماضی میں خونی برج چوک سے پاک گیٹ کی جانب دکانیں مسمار کرنے کے باوجود پارکنگ کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔ اب دوبارہ تاریخی فصیل کے ساتھ دکانیں ختم کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں، جس سے تاجروں کی مشکلات بڑھیں گی۔ظفر اقبال صدیقی نے کہا کہ تاجر شہر کی خوبصورتی اور ترقی کے منصوبوں کے مخالف نہیں، تاہم ترقی کے نام پر کسی کا کاروبار ختم نہیں ہونا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments